30 سال سے اقتدار میں رہنے والوں نے پنڈدادنخان کیلئے کچھ نہیں کیا۔ عابد اشرف جوتانہ، راجہ قاسم، زاہد شیرازی، راجہ افتخار شہزاد

پنڈدادنخان: 30 / 30 سالوں سے اقتدار میں رہنے والوں نے تحصیل پنڈدادنخان اور پارٹی کیلئے کچھ نہیں کیا، اخبارت اور سوشل میڈیا کے ذریعے پارٹی ٹکٹ دیے جا رہے ہیں، انکو میٹرو بس کا ٹکٹ بھی نہیں ملے گا۔ 18 ماہ تک اقتدار کے مزے لوٹنے والوں نے ڈیول کیرج وے منصوبے پر آواز تک نہیں اٹھائی، ایک عدد جیتا ہوا ایم پی اے اور جدی پشتی ایم این اے موجود تھے۔

ان خیالات کا اظہار امیدوار برائے قومی اسمبلی چوہدری عابد اشرف جوتانہ، سابق ضلعی چیئرمین راجہ قاسم علی خان، امیدوار برائے صوبائی اسمبلی چوہدری ناصر جاوید وڑائچ، امیدوار برائے صوبائی اسمبلی کرنل (ر) زاہد شیرازی اور امیدوار برائے صوبائی اسمبلی راجہ افتخار احمد شہزاد نے ڈیرہ چوہدری عابد اشرف جوتانہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے سابق ن لیگی ایم این اے نوابزادہ مطلوب مہدی اور سابق ایم پی اے حلقہ پی پی27 حاجی ناصر محمود للِہ کی کارکردگی بیان کرتے ہوئے انکو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

چوہدری عابد اشرف جوتانہ نے کہا کہ چک نظام پل، ٹیکسلا یونیورسٹی کیمپس، ٹراما سینٹر، جلالپور نہر اور للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے ہمارے اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ضلع جہلم کی تاریخ میں پہلی بار پانچ امیدوار ایک صوفے پر بیٹھ کر پریس کانفرنس کر رہے ہیں، ہمارا اتحاد تحصیل کی ترقی کیلئے ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا۔

کرنل (ر) سید زاہد حسین شیرازی نے کہا کہ للِہ تا جلالپور شریف تک سفر کریں آپکو اپنے نمائندوں کی اہلیت کا پتہ لگ جائے گا، کسی نواب کا بیٹا ہونا کوئی اہلیت نہیں۔ لولے لنگڑے گھوڑے دوڑ نہیں سکتے، اپنی قیادت کو اس بات پر قائل کریں گے کہ تحصیل پنڈدادنخان ضلع جہلم میں تبدیلی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ کوششیں ڈیول کیرج وے کے حوالے سے ہیں۔

ناصر جاوید وڑائچ کا کہنا تھا کہ پارٹی جس کو ٹکٹ دے گی اسکی بھرپور حمایت کریں گے۔

امیدوار برائے صوبائی اسمبلی راجہ افتخار احمد شہزاد نے کہا کہ ہماری مقامی قیادت نے ہمارے مسائل کے حل کیلئے کچھ نہیں کیا، انہوں نے بس فوتگی اور جنازہ میں تصویریں بنوانے کیلئے کیمرہ مین رکھے ہوئے ہیں۔ ڈیول کیرج وے منصوبے پر انکی زبان سے ایک لفظ تک نہیں نکلا۔

راجہ افتخار احمد شہزاد نے کہا کہ چک شادی میں میری نوابزادہ مطلوب مہدی سے ملاقات ہوئی تو میں نے انکو کہا کہ آئیں مل بیٹھ کر بات کرتے ہیں، پارٹی جس کو ٹکٹ دے گی اسکی سپوٹ کریں گے تو انہیں نے انکار کر دیا۔

سابق ضلعی چیئرمین راجہ قاسم علی خان نے کہا کہ ضلع جہلم مسلم لیگ (ن) کا قلعہ تھا اور ہمیشہ رہے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button