متوقع بارشیں؛ کمشنر راولپنڈی ڈویژن کا ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم

جہلم: کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے متوقع بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ واسا، میونسپل کمیٹیز، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، پولیس اور دیگر ادارے فیلڈ میں مکمل طور پر متحرک رہیں۔

کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں میں پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور نالوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ واسا کو بی واٹرنگ پمپس مکمل طور پر فعال رکھنے جبکہ ریسکیو 1122 کو کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے پولیس اور ٹریفک پولیس موثر اقدامات کریں تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ محکمہ صحت کو بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر طبی سہولیات اور عملے کو الرٹ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کمشنر راولپنڈی نے واضح کیا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں خود موجود رہ کر صورتحال کی نگرانی کریں جبکہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو دیہی علاقوں میں نالیوں کی صفائی، نکاسی آب کی روانی اور کچرے کی بروقت تلفی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button