جہلم: سابق گورنر پنجاب چوہدری الطا ف حسین (مرحوم) کے نام سے منسوب الطاف پارک کی خستہ حالی ، پارک گہرے گڑھوں میں تبدیل ، انتظامیہ کی سرپرستی میں بچوں کے جھولے، سٹریٹ لائٹس ، سی سی ٹی وی کیمراز ، بچوں کی تفریح کا سامان، سرسبز و شادات لاکھوں ، کروڑوں مالیت کے درخت بھی فروخت کردیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سابق گورنر پنجاب چوہدری الطاف حسین مرحوم کے نام سے منسوب الطاف پارک جہلم گہرے گڑھوں میں تبدیل ہو چکاہے۔
سابق ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے گزشتہ سال الطاف پارک میں پارک بحالی کے نام سے تقریب منعقد کروائی اور اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ اپریل 2024 تک ورلڈ بنک کے تعاون سے مکمل کرنے کا اعلان کیا لیکن بدقسمتی سے پارک بحالی کا کام شروع نہ ہوسکا۔
انتظامیہ نے اپنی دیہاڑیاں لگانے کے لئے پارک میں موجود لاکھوں کروڑوں مالیت کے درخت، ٹھیکیداروں کے ہاتھوں فروخت کر دیئے جبکہ پارک کھنڈرات کی منظر کشی کررہاہے ۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان سے مطالبہ کیا ہے کہ الطاف پارک کی بحالی کا کام شروع کروایا جائے تاکہ شہر اور ملحقہ علاقوں کے بچے سرکاری پارک میں مفت سہولت سے مستفید ہو سکیں اور معمر شہری پارک کے اندر چہل قدمی کرکے بیماریوں سے چھٹکارہ حاصل کرسکیں ۔
