دینہ پولیس کی شاندار کارروائی، ٹک ٹاکر سرغنہ سمیت موٹر سائیکل لفٹر “چھوٹو گینگ” گرفتار

دینہ پولیس نے شاندار کارروائی کرتے ہوئے معروف ٹک ٹاکر سرغنہ سمیت موٹر سائیکل لفٹر “چھوٹو گینگ” کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خطرناک موٹرسائیکل چور گینگ کے تین کارندوں کو گرفتار کر لیا ہے، جن میں ایک 13 سالہ کم عمر لڑکا بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 11 چوری شدہ موٹرسائیکلیں، 1 لاکھ 20 ہزار روپے نقدی، سولر پلیٹس، بیٹریاں اور دیگر قیمتی سامان برآمد کیا گیا ہے، جس کی مجموعی مالیت 15 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمان شہری و دیہی علاقوں سے موٹرسائیکلیں چوری کرتے اور بعدازاں پشاور جا کر فروخت کرتے تھے۔ حیران کن انکشاف یہ سامنے آیا کہ گینگ کا سرغنہ معروف ٹک ٹاکر حسن ویلر ہے جس نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ جرم کرنے کا شوق ٹک ٹاک ویڈیوز اور بھارتی فلمیں دیکھ کر پیدا ہوا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گینگ کم عمر لڑکے وہاب کو ٹارگٹ دیتا تھا، جو موٹرسائیکل چوری کر کے باقی ملزمان تک پہنچاتا تھا۔ یہ مناظر سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت بھجوایا جائے گا تاکہ انہیں سخت سے سخت سزا دلوائی جا سکے۔ مزید برآمدگیاں بھی متوقع ہیں۔

Exit mobile version