عید الاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا

جہلم: عیدالاضحیٰ کے موقع پر حکومت کی جانب سے تین روزہ سرکاری تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ تعطیلات کے اعلان کے بعد سرکاری ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جبکہ شہریوں نے عید کی تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے تحت 26 مئی بروز منگل، 27 مئی بروز بدھ اور 28 مئی بروز جمعرات عیدالاضحیٰ کی سرکاری چھٹیاں ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق اس کے بعد جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بھی بیشتر سرکاری اداروں میں توانائی کی بچت پالیسی کے تحت تعطیلات رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث سرکاری ملازمین کو مسلسل چھ روز آرام کا موقع مل سکتا ہے۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ عید کی طویل تعطیلات کے باعث بازاروں، مویشی منڈیوں اور ٹرانسپورٹ اڈوں پر رش میں غیر معمولی اضافہ متوقع ہے جبکہ شہر کے مختلف بازاروں میں عید شاپنگ بھی عروج پر پہنچنے لگی ہے۔
دوسری جانب سرکاری ملازمین نے حکومت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ طویل تعطیلات انہیں اہل خانہ کے ساتھ عید کی خوشیاں بھرپور انداز میں منانے کا موقع فراہم کریں گی۔



