دیہی عوام کے تجربات اور مسائل کو حکومتی پالیسی سازی کا حصہ بنانا ضروری ہے، بلال اظہر کیانی

اسلام آباد/ جہلم: رورل سپورٹ پروگرامز نیٹ ورک (آر ایس پی این) کے 18ویں سالانہ کمیونٹی کنونشن کا انعقاد اسلام آباد میں کیا گیا، جس میں وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ دیہی علاقوں کے عوام کے تجربات، مسائل اور ضروریات کو براہِ راست سننا مؤثر پالیسی سازی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آر ایس پی این کی قیادت کے ساتھ مل کر کمیونٹیز کے تجربات اور مسائل کو حکومتی پالیسیوں کا حصہ بنانے کے لیے کام کیا جائے گا۔

کنونشن میں دیہی ترقی، صحت، تعلیم، خواتین کی معاشی خودمختاری اور ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ سمیت اہم موضوعات پر توجہ دی گئی۔ شرکاء نے ان شعبوں میں بہتری کے لیے کمیونٹی کی شراکت داری کو مزید مؤثر بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ دیہی علاقوں کی ترقی اور عوامی ضروریات کے مطابق منصوبہ بندی کے لیے مقامی کمیونٹیز کی شمولیت، ان کے تجربات اور عملی مسائل کو پالیسی سازی میں اہمیت دینا ضروری ہے۔

↑
Exit mobile version