مدارس کے طلباء میں انتخابی شعور کے فروغ کے لیے دارالعلوم تعلیم الاسلام جہلم میں آگاہی سیشن کا انعقاد

جہلم: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے تحت مدارس کے طلباء میں انتخابی شعور اجاگر کرنے اور انہیں ووٹ کی اہمیت، ووٹر رجسٹریشن اور انتخابی عمل سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے دارالعلوم تعلیم الاسلام مدرسہ جہلم میں خصوصی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔

سیشن میں مدرسے کے طلباء اور ڈسٹرکٹ ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ اس پروگرام کا مقصد طلباء کو انتخابی عمل سے متعلق بنیادی معلومات فراہم کرنا اور ان میں جمہوری شعور کو فروغ دینا تھا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر جہلم توقیر اقبال نے شرکاء کو ووٹ کی اہمیت، ووٹر رجسٹریشن کے طریقہ کار، انتخابی فہرست میں اپنے نام کی تصدیق اور ووٹ ڈالنے کے مراحل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے طلباء کو اپنے حقِ رائے دہی کے درست استعمال اور انتخابی عمل میں ذمہ دار شہری کی حیثیت سے بھرپور شرکت کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا۔

سیشن کے شرکاء نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے منعقدہ اس آگاہی پروگرام کو سراہتے ہوئے اسے انتخابی شعور کے فروغ کے لیے ایک مثبت اقدام قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوانوں اور طلباء کو انتخابی عمل سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کے لیے مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔

↑
Exit mobile version