جہلم میں 10 نومبر کو کمپیوٹر سائنس کے دونوں پرچے معمول کے مطابق ہوں گے،کنٹرولر امتحانات راولپنڈی تعلیمی بورڈ

جہلم: ضلع جہلم میں 10 نومبر کو انٹرمیڈیٹ سیکنڈ اینول امتحان 2026ء کے کمپیوٹر سائنس کے صبح اور شام کے پرچے ملتوی کرنے کا سابقہ فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔

کنٹرولر امتحانات راولپنڈی تعلیمی بورڈ مبشر سعید کے مطابق ضلع جہلم کے تمام امتحانی مراکز میں کمپیوٹر سائنس کے دونوں پرچے ڈیٹ شیٹ کے مطابق منعقد ہوں گے۔

کنٹرولر امتحانات مبشر سعید نے واضح کیا ہے کہ 10 نومبر بروز منگل ضلع جہلم کے کسی بھی امتحانی مرکز میں کمپیوٹر سائنس کا پرچہ ملتوی نہیں ہوگا۔ طلباء و طالبات اپنے مقررہ امتحانی مراکز میں شیڈول کے مطابق امتحان دیں گے اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت پر امتحانی مراکز میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات کی تعلیمی سہولت اور ان کے تعلیمی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپیوٹر سائنس کے پرچے ملتوی کرنے کا سابقہ فیصلہ واپس لیا گیا ہے۔ انٹرمیڈیٹ سیکنڈ اینول امتحان 2026ء کے تحت 10 نومبر کو ضلع جہلم میں امتحانی عمل معمول کے مطابق جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے 10 نومبر کو متوقع دورہ جہلم کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ضلع میں کمپیوٹر سائنس کے صبح اور شام کے پرچے ملتوی کرنے کی سفارش کی گئی تھی، جس پر راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے ابتدا میں پرچے 30 نومبر تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم اس فیصلے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیے جانے کی اطلاع ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا تھا کہ ان کے دوروں کے باعث عوام، بالخصوص طلباء و طالبات کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم نے وی آئی پی دورے کو جواز بنا کر کمپیوٹر سائنس کا ضمنی امتحان ملتوی کرنے کی کوشش کرکے واضح ہدایات کی خلاف ورزی کی۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ سرکاری دوروں کی وجہ سے طلباء کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہیں ہونی چاہئیں۔ بعدازاں راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے پرچے ملتوی کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا اور اب ضلع جہلم کے تمام امتحانی مراکز میں 10 نومبر کو صبح اور شام کے دونوں پرچے مقررہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق منعقد ہوں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button