جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ نے ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ تقریب کے دوران ضلعی سطح کے STEAM (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، آرٹس اور ریاضی) مقابلوں میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں، محنت اور جدت پر مبنی کاوشوں کو سراہا۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی جہلم کے زیرِ اہتمام 13 نومبر 2026ء کو منعقد ہونے والے ان مقابلوں میں ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈدادنخان کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ مقابلوں کے انعقاد کا مقصد طلبہ میں سائنسی رجحان، تخلیقی سوچ، تحقیق، جدت اور عملی مسائل حل کرنے کی صلاحیتوں کو فروغ دینا تھا۔
مختلف تعلیمی سطحوں اور میل و فیمیل کیٹیگریز میں طلبہ نے اپنے تیار کردہ سائنسی اور تکنیکی ماڈلز پیش کیے، جن کا جائزہ متعلقہ مضامین میں مہارت رکھنے والے پانچ رکنی ججز کے پینلز نے لیا۔
مقابلوں کے حتمی نتائج کے مطابق گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول دھنایالہ کے جماعت ہشتم کے طلبہ محمد اسماعیل، محمد اویس، محمد عثمان اور محمد ایان نے اپنا ماڈل "ilmPlay Android App” پیش کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ایم سی اسلامیہ کے جماعت دہم کے طالب علم حافظ قریشی نے "Result Management System” کے ذریعے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ گورنمنٹ ہائی سکول تبلیغ الاسلام کے جماعت دہم کے طلبہ حسن مصطفیٰ، سارم عزیز، ذوہیب علی، محمد منیب الرحمٰن اور فیضان حسین نے "Smart Irrigation System” پیش کرکے تیسری پوزیشن اپنے نام کی۔
تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر عاصمہ اعجاز چیمہ نے کامیاب طلبہ کو اسناد سے نوازا اور ان کی محنت و صلاحیتوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی حوصلہ افزائی اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں میں روایتی تدریسی نظام کے ساتھ سائنسی تجربات، عملی سرگرمیوں، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی فروغ دیا جائے، تاکہ طلبہ میں تخلیقی صلاحیتیں پروان چڑھیں اور وہ عملی زندگی کے مسائل حل کرنے کی استعداد حاصل کر سکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ، ان کے اساتذہ اور تعلیمی اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسی تعلیمی اور تخلیقی سرگرمیوں کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔
