جہلم میں بیکریوں پر غیر معیاری اشیاء کی تیاری اور فروخت عروج پر، شہریوں کی صحت خطرے میں

جہلم شہر اور گردونواح میں قائم بعض بیکریوں میں مبینہ طور پر غیر معیاری اور مہنگے داموں اشیاء کی تیاری و فروخت اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے۔ متعدد بیکری کارخانوں میں حفظانِ صحت کے اصولوں کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے اشیائے خوردونوش تیار کی جا رہی ہیں، جہاں صفائی ستھرائی کے انتہائی ناقص حالات دیکھنے میں آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ان بیکری کارخانوں میں تیار کی جانے والی مصنوعات، بشمول مٹھائیاں، ناقص ماحول میں بنائی جاتی ہیں۔ دیواروں پر جالے، چھتوں پر چھپکلیاں اور دیگر حشرات کی موجودگی معمول بن چکی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اکثر کارخانوں میں کام کرنے والے افراد نہ صرف صفائی کے اصولوں سے لاعلم ہیں بلکہ ان کی ظاہری حالت بھی پریشانی کا باعث بنتی ہے۔ کاریگروں کے لمبے ناخن، میلے کچیلے کپڑے اور جسم سے اُٹھتی بدبو ان کی غیر پیشہ ورانہ حالت کی عکاسی کرتے ہیں۔ مزید برآں بعض افراد منشیات کے عادی بھی دکھائی دیتے ہیں، جن کے پاس نہ کوئی طبی معائنہ ہوتا ہے اور نہ ہی کسی قسم کا میڈیکل سرٹیفکیٹ۔
شہری حلقوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان بیکری کارخانوں کا فوری طور پر معائنہ کریں اور جو بیکری مالکان صفائی اور صحت کے اصولوں پر عمل نہیں کر رہے، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
عوامی مطالبے کے مطابق ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ذاتی طور پر نوٹس لیتے ہوئے ان بیکریوں کو ایس او پیز کے مطابق لانے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ شہریوں کی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔



