جہلم میں روہتاس روڈ کے قریب 12سالہ لڑکا کنویں میں گر کر جاں بحق

جہلم میں روہتاس روڈ کے قریب 40 فٹ گہرے کھلے کنویں میں گرنے سے 12 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق بدھ کی شام ریسکیو کنٹرول جہلم میں اطلاع موصول ہوئی کہ روہتاس روڈ کے قریب موضع مونن میں ایک تقریباً 40 فٹ گہرے کھلے کنویں میں 12 سالہ بچہ کھیلتے ہوئے گر گیا ہے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو کنٹرول جہلم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قریبی ریسکیو موٹر بائیک، ریسکیو ایمبولینس اور ریسکیو وہیکل کو جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دیا جبکہ کنویں میں پانی کی گہرائی زیادہ ہونے کے باعث واٹر ریسکیو وین اور سکوبا ڈائیورز کو بھی جائے وقوعہ پر طلب کر لیا گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق کنویں کی گہرائی تقریباً 40 فٹ تھی جبکہ اس میں تقریباً 20 فٹ گندا پانی موجود تھا۔ پانی میں گندگی اور کچرے کی موجودگی کے باوجود ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے سکوبا سرچ کے ذریعے مسلسل جدوجہد اور کوششوں کے بعد بچے کو کنویں کی تہہ سے باہر نکال لیا۔ بچے کو باہر نکالتے ہی ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر سی پی آر شروع کیا اور اسے طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی، تاہم بچے کی سانس بحال نہ ہو سکی اور وہ جانبر نہ ہو سکا۔
ریسکیو 1122 نے جاں بحق بچے کی لاش کو ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کر دیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت عبدالرافع ولد محمد وقار کے نام سے ہوئی ہے۔



