رمضان نگہبان کارڈ کی گھر گھر تقسیم، اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف کا کارڈ کی تقسیم کا معائنہ

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق مستحق خاندانوں کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے رمضان نگہبان کارڈ پراجیکٹ کے تحت گھر گھر کارڈز کی تقسیم کے عمل کی نگرانی کی۔ اس دوران انہوں نے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے رمضان نگہبان کارڈز کی تقسیم میں شفافیت اور مستحق افراد تک بروقت فراہمی کے عمل کو چیک کیا۔ انہوں نے فیلڈ عملے کو ہدایات جاری کیں کہ تقسیم کا عمل مکمل نظم و ضبط اور مؤثر طریقے سے یقینی بنایا جائے، تاکہ کوئی بھی حقدار اس فلاحی سہولت سے محروم نہ رہ جائے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر موجود شہریوں سے بھی بات چیت کی اور تقسیم کے طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ شہریوں نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ گھر کی دہلیز پر ریلیف کی فراہمی سے انہیں حقیقی سہولت میسر آ رہی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس فلاحی منصوبے کو مکمل طور پر کامیاب بنانے کے لیے متحرک ہے۔ انہوں نے فیلڈ ٹیموں کو خصوصی تاکید کی کہ بزرگوں اور معذور افراد کو ترجیحی بنیادوں پر ان کے گھروں میں ہی کارڈز فراہم کیے جائیں تاکہ انہیں کسی سرکاری دفتر کے چکر نہ لگانے پڑیں اور وہ باعزت طریقے سے حکومتی ریلیف سے مستفید ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button