عیدالاضحیٰ ؛ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے، صباء سحر

جہلم: عیدالاضحیٰ کے موقع پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ سرکاری نرخنامہ سے زائد قیمت وصول کرنے والے تاجروں اور دکانداروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صباء سحر نے پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران گزشتہ ہفتے میں کیے گئے پرائس کنٹرول اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
افسران نے بتایا کہ مختلف بازاروں میں ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے اور سرکاری نرخنامے سے زائد قیمتیں وصول کرنے والے متعدد دکانداروں کے خلاف جرمانے اور دیگر قانونی کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صباء سحر نے ہدایت کی کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر خود ساختہ مہنگائی کرنے والے مافیا کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال عید کے موقع پر بعض تاجر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بلاجواز اضافہ کر کے شہریوں کو لوٹنے کی کوشش کرتے ہیں، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے تمام پرائس مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ عید کے دنوں میں معمول سے زیادہ متحرک رہیں، مارکیٹوں کا باقاعدگی سے دورہ کریں، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن لیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی اور قیمتوں پر کنٹرول کے لیے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔



