عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خانم سمیت 558 افراد جہلم جیل منتقل

جہلم: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی دو بہنوں علیمہ خان اور عظمی خانم کو عدالت کی جانب سے جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل راولپنڈی سے جہلم جیل منتقل کردیا گیا۔
جیل ذرائع نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی دونوں بہنوں کو راولپنڈی سے سخت سیکیورٹی میں جہلم جیل منتقل کیا گیا۔ علیمہ خان اور عظمی خانم کو اڈیالہ جیل میں تعداد سے زائد قیدیوں کے باعث جہلم جیل منتقل کیا گیا ہے۔
اسلام آباد ڈی چوک میں دوران احتجاج گرفتار کیے گئے 558 افراد کو بھی ڈسٹرکٹ جیل جہلم منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ گرفتار افراد کو پی ٹی آئی کی طرف سے15 اکتوبر شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر ممکنہ احتجاج کے پیش نظر اڈیالہ سے جہلم منتقل کیا گیا ہے۔
پنجاب پولیس کے مطابق تمام افراد کو ڈی چوک اسلام آباد دھرنے سے گرفتار کیا گیا تھا۔
اس سے قبل بانی پی ٹی آئی کی دونوں بہنوں کو آج جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل کیا گیا تھا جبکہ انہیں 5 اکتوبر کو ڈی چوک سے گرفتار کیا گیا تھا۔



