عالمی منڈی میں خام تیل سستا، مگر پاکستان میں پٹرولیم قیمتیں برقرار، شہری مایوس

جہلم: ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی میں کمی کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم اس کے باوجود پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی کمی نہ کیے جانے پر شہریوں نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی شہری پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کے منتظر رہے۔ جمعہ کے روز سوشل میڈیا پر رات گئے تک پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ممکنہ کمی کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں گردش کرتی رہیں، جس سے عوام کو امید تھی کہ حکومت انہیں مہنگائی کے دور میں کچھ ریلیف فراہم کرے گی۔

تاہم حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہ کرنے کے فیصلے نے عوام کی توقعات پر پانی پھیر دیا، جس پر مختلف سماجی اور عوامی حلقوں نے افسوس اور مایوسی کا اظہار کیا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا براہِ راست فائدہ عوام تک منتقل ہونا چاہیے تھا تاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے لوگوں کو کچھ ریلیف ملتا۔ ان کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہنے سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور مجموعی مہنگائی پر بھی کوئی مثبت اثر مرتب نہیں ہوگا۔

شہریوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے ملک میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی جائے تاکہ ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی آئے، اشیائے خورونوش سستی ہوں اور مہنگائی سے متاثرہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button