جی ٹی روڈ پر حادثات کی روک تھام کے لیے این ایچ اے اور ریسکیو 1122 متحرک، متعدد اہم اقدامات پر اتفاق

جہلم: جی ایم مینٹیننس نارتھ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) عمران خان کے حکم پر ڈپٹی ڈائریکٹر نارتھ این ایچ اے وزیرآباد اسد منیر نے جہلم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صدر حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی توصیف بیگ سے ملاقات کی۔ بعد ازاں ڈپٹی ڈائریکٹر نارتھ این ایچ اے ریسکیو 1122 جہلم کے دفتر پہنچے، جہاں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم انجینئر سعید احمد نے ان کا استقبال کیا۔
ریسکیو 1122 کے دفتر میں ڈپٹی ڈائریکٹر نارتھ این ایچ اے نے جی ٹی روڈ پر ٹریفک حادثات کے حوالے سے ہاٹ اسپاٹس اور حادثات کی تفصیلات لائیو چارٹ کی مدد سے حاصل کیں۔ اس موقع پر چند اہم حادثاتی مقامات کا مشترکہ دورہ بھی کیا گیا۔
اس حوالے سے منعقدہ طویل اجلاس میں جی ٹی روڈ پر حادثات کی روک تھام اور روڈ سیفٹی کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات پر اتفاق کیا گیا، جن کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
- وزیرآباد سے مسہ کسوال تک جی ٹی روڈ کی نئی اسفالٹنگ: دونوں اطراف سے جی ٹی روڈ کی نئی اسفالٹ کی جائے گی، جس کے لیے تجویز (پروپوزل) بھیج دی گئی ہے۔
- شہری حدود میں محفوظ یو ٹرنز: شہری حدود میں پروٹیکٹڈ یو ٹرنز کی تعمیر کے لیے تجاویز بھیجی جائیں گی۔
- گنزہ مارٹ کے سامنے سروس روڈ کی توسیع: بالمقابل گنزہ مارٹ سروس روڈ کو عارضی طور پر 200 میٹر تک طویل کیا جائے گا، جس کے بعد تجویز کی منظوری ملنے پر دونوں اطراف سروس روڈز کو مزید توسیع دی جائے گی۔
- پنجاب یونیورسٹی کے سامنے پیڈسٹرین اور ہیڈ برج: پنجاب یونیورسٹی کے سامنے پیدل چلنے والوں کے لیے پیڈسٹرین برج اور ہیڈ برج کی تعمیر کے لیے ترجیحی بنیادوں پر تجویز بھیجی جائے گی۔
- گنزہ مارٹ کے سامنے کیٹ آئیز کی تنصیب: فوری طور پر جی ٹی روڈ پر گنزہ مارٹ کے سامنے مختلف مقامات پر این ایچ اے کے معیار کے مطابق محفوظ کیٹ آئیز نصب کی جائیں گی۔
- کالا پھاٹک پر فوری اقدامات: حادثات کی زیادہ شرح کے پیش نظر کالا پھاٹک کے مقام پر فوری طور پر غیر قانونی راستہ بند کرنے کے ساتھ جی ٹی روڈ کو ہموار کیا جائے گا۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر نارتھ این ایچ اے اسد منیر نے شہریوں اور مسافروں کو بھی پیغام دیا کہ انہیں سڑک پر سفر کرتے ہوئے احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کیونکہ ان کی جان و مال اور رشتے ان کے اپنے ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر اسد منیر نے روڈ سیفٹی کے حوالے سے حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کی کوششوں کو سراہا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے ریسکیو 1122 پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر نارتھ این ایچ اے کا شکریہ ادا کیا۔
ریسکیو 1122 اور حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کا مشترکہ خواب ہے کہ روڈ سیفٹی کے ذریعے جہلم کو محفوظ بنایا جائے، تاکہ محفوظ جہلم، محفوظ پنجاب اور محفوظ پاکستان کا تصور حقیقت بن سکے۔



