جہلم پولیس کے 11 افسران کی ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی، ڈی پی او نے رینک لگائے

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دفتر میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع جہلم کے 11 پولیس افسران کو اگلے عہدے پر ترقی دے کر ہیڈ کانسٹیبل کے رینک لگا دیے گئے۔

اس موقع پر ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو اور ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز نصیر شاہ نے ترقی پانے والے افسران کو رینک لگائے اور ان کی محنت، کارکردگی اور خدمات کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی۔

تقریب میں ترقی پانے والے افسران میں 10 کانسٹیبلان اور ایک لیڈی کانسٹیبل شامل تھیں، جنہیں ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ ترقی پانے والے افسران نے اس موقع پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو مزید ایمانداری اور محنت سے نبھائیں گے اور شہریوں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں گے۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی ایک بڑی ذمہ داری ہے اور اس سے افسران پر مزید بھاری فرائض عائد ہوتے ہیں۔ انہوں نے ترقی پانے والے افسران پر زور دیا کہ وہ قانون کی عملداری اور شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنی بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام ترقی پانے والے افسران کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیا جائے گا اور امید ہے کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری اور لگن سے سرانجام دیں گے۔

تقریب کے اختتام پر ترقی پانے والے افسران کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا اور دعا کی گئی کہ ان کے لیے ترقی کا یہ سفر آئندہ بھی جاری و ساری رہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button