راجہ پورس کی یادگار کی تعمیر جہلم کی تاریخی شناخت، سیاحت اور ثقافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی، ڈپٹی کمشنر عاصمہ اعجاز چیمہ

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم عاصمہ اعجاز چیمہ نے تاریخی سپہ سالار راجہ پورس کی یادگار کے جاری تعمیراتی منصوبے کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے تعمیراتی سائٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران اور تعمیراتی فرم کے نمائندگان بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران تعمیراتی فرم کے حکام نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کے ڈیزائن، تعمیراتی مراحل اور اب تک ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے یادگار کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والے میٹریل کے معیار، جاری سرگرمیوں اور منصوبے کی مجموعی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے تعمیراتی مراحل کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ منصوبے میں معیار، تکنیکی تقاضوں اور مقررہ ٹائم لائن کی مکمل پابندی یقینی بنائی جائے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عاصمہ اعجاز چیمہ نے کہا کہ سپہ سالار راجہ پورس کی تاریخی شخصیت اور اس خطے سے وابستہ تاریخی ورثے کو اجاگر کرنے کے لیے یادگار کی تعمیر خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے جہلم کی تاریخی شناخت کو نمایاں کرنے، شہری خوبصورتی میں اضافے، سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ اور مقامی ثقافت کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے تعمیراتی فرم کو ہدایت کی کہ تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ کیے بغیر تمام کام مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔



