جہلم میں درینہ رنجش پر چار افراد نے فائرنگ کر کے 27 سالہ نوجوان کو قتل کر دیا، ملزمان فرار ہو گئے، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کی شام کو جہلم کے علاقہ پیرا غیب میں درینہ رنجش پر چار افراد نے گھر میں گھس کر 27 سالہ ذیشان حیدر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا، ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ملزمان کی واردات کے بعد فرار ہونے کی ویڈیو بھی سامنے آ گئی، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان نوجوان کو قتل کرنے کے بعد گلی سے فرار ہو گئے۔
ایف آئی آر متن کے مطابق مقتول ذیشان حیدر کی ملزمان آریان افضال، سرفراز عرف جانو، مانی اور متین سے چند روز پہلے لڑائی ہوئی تھی، مقتول ذیشان گھر میں موجود تھا کہ مسلح ملزمان گھر میں حملہ آور ہو کر ذیشان کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے کرائم سین کی مدد سے شواہد اکھٹے کر کے لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم منتقل کر دیا۔
تھانہ سول لائن پولیس نے چار نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش کے لئے چھاپے مارنے شروع کر دیے۔
