ضلع جہلم میں منی ڈیمز کی الاٹمنٹ کے لیے قرعہ اندازی، 13 خوش نصیب کاشتکاروں کا قرعہ نکل آیا

جہلم: ضلع جہلم میں منی ڈیمز کی الاٹمنٹ کے حوالے سے قرعہ اندازی کی تقریب وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے زرعی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت منعقد ہوئی۔ اس منصوبے کے تحت کاشتکاروں کو منی ڈیمز کی تعمیر کے لیے 70 فیصد سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
تقریب میں موصول شدہ درخواستوں میں سے شفاف سکروٹنی کے بعد 13 خوش نصیب کاشتکاروں کے نام قرعہ اندازی میں منتخب ہوئے، جن میں تحصیل جہلم اور دینہ کے 3، تحصیل سوہاوہ کے 8 اور تحصیل پنڈ دادن خان کے 2 کاشتکار شامل ہیں۔ اس منصوبے کے تحت راولپنڈی ڈویژن میں 400 منی ڈیمز تعمیر کر کے کاشتکاروں کو 70 فیصد حکومتی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر ڈاکٹر پرویز سکندر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سوائل کنزرویشن نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی زرعی ٹرانسفارمیشن پلان سے خطہ پوٹھوہار میں زراعت کے لیے آبی وسائل میں نمایاں بہتری آئے گی، بنجر زمینیں قابلِ کاشت بنیں گی، زیرِ زمین پانی کا لیول بہتر ہوگا اور ہائی ویلیو کراپس کو فروغ ملے گا، جس سے کاشتکار خوشحال ہوں گے۔
اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمٰن نے کہا کہ زراعت کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ خطہ پوٹھوہار میں آبی قلت ہمیشہ ایک بڑا مسئلہ رہا ہے، اور وزیرِ اعلیٰ نے منی ڈیمز کے لیے خصوصی پیکیج دے کر کاشتکاروں کے دل جیت لیے ہیں۔
قرعہ اندازی کی تقریب میں محمد عرفان مان (ڈائریکٹر پراجیکٹ مانیٹرنگ یونٹ)، ڈائریکٹرز سوائل کنزرویشن ڈاکٹر اعجاز احمد، عتیق الرحمن، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر عماد ظفر کاہلوں، عظیم اختر، رانا سہیل وقاص سمیت محکمہ زراعت کے دیگر افسران اور کاشتکاروں نے بھی شرکت کی۔



