جہلم میں فارم 47 کے ممبر قومی اسمبلی عوام کے لیے کوئی کام نہیں کر رہے، ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری

جہلم: ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری نے کہا کہ حکومت کی طرف سے زائد اور ناجائز بجلی کے بلوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، غریب عوام پر یہ بوجھ ہے، حکمران اپنے اخراجات پر کنٹرول کریں۔
امیر جماعت اسلامی ضلع جہلم ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری نے 12 جولائی کو اسلام آباد میں مہنگائی کے خلاف دھرنے کے حوالے سے جہلم میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غریب عوام پر ناجائز بجلی کے بل اور ٹیکسوں کا بوجھ کم کرے، پاکستان مسلم لیگ ن اور دیگر اتحادیوں کی حکومت عوام دشمن ہے۔
انہوں نے جماعت اسلامی جہلم کے مرکزی آفس مشین محلہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع جہلم میں فارم 47 کے ممبر قومی اسمبلی عوام کے لیے کوئی کام نہیں کر ر،ہے ان کو چاہیے کہ عوام کے لیے اواز اٹھائیں۔
ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری نے کہا کہ 12 جولائی کو اسلام آباد مہنگائی کے خلاف تاریخی دھرنا ہو گا، جماعت اسلامی کی "حق دو عوام کو تحریک” انقلابی تحریک ثابت ہو گی۔ موجودہ بجٹ میں ٹیکسوں کی بھرمار سے عوام پر بوجھ پڑا۔ بجلی گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ غریب عوام پر ظلم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر سے سینکڑوں کی تعداد میں کارکنان اسلام آباد دھرنے میں شرکت کریں گے۔



