سید رفعت محمود زیدی کی این ایچ اے سے ملاقات، سوہاوہ اور دینہ میں اوور ہیڈ برج اور ٹریفک سگنلز کی تجویز

سوہاوہ: صوبائی اسمبلی کے رکن سید رفعت محمود زیدی نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ممبر انجینئرنگ سے ملاقات کے دوران سوہاوہ شہر میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل اور حادثات کے پیشِ نظر سوہاوہ چکوال موڑ سے شہر تک اوور ہیڈ برج اور ٹریفک سگنلز کی تنصیب کی باضابطہ درخواست پیش کی۔
ملاقات کے دوران دینہ شہر کے لیے بھی دو اوور ہیڈ برج اور ٹریفک سگنلز کی تنصیب کے معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ممبر انجینئرنگ کی جانب سے یقین دہانی کروائی گئی کہ جلد از جلد متعلقہ مقامات کا سروے کر کے فیزیبلٹی رپورٹ تیار کی جائے گی اور اس کے بعد فنڈز کے اجراء کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔
ایم پی اے سید رفعت محمود زیدی نے کہا کہ سوہاوہ شہر میں ٹریفک کی تیز رفتار اور بے ہنگم آمد و رفت کے باعث آئے روز حادثات پیش آ رہے ہیں، جس سے شہریوں کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اوور ہیڈ برج اور جدید ٹریفک سگنلز کی تنصیب سے نہ صرف حادثات میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو بھی منظم اور محفوظ بنایا جا سکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بطور اپوزیشن رکن پنجاب اسمبلی وہ اپنے حلقے کے بنیادی مسائل کو مسلسل اسمبلی فلور اور متعلقہ اداروں کے سامنے اجاگر کرتے آ رہے ہیں اور اس سے قبل بھی سوہاوہ اور گرد و نواح کے متعدد عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی کوششیں کی جا چکی ہیں۔
سیاسی اور عوامی حلقوں کے مطابق سید رفعت محمود زیدی کی جانب سے مسلسل عوامی مسائل پر آواز اٹھانے اور متعلقہ اداروں سے فالو اپ رکھنے کے باعث حلقے میں ان کی سیاسی ساکھ مزید مضبوط ہو رہی ہے جبکہ شہریوں نے سوہاوہ اور دینہ میں ٹریفک مسائل کے حل کے لیے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا ہے۔



