پنڈ دادنخان: جہلم کی تحصیل پنڈ دادنخان کے نواحی گاؤں دھریالہ جالپ سے تعلق رکھنے والے بزرگ محمد بنیامین کی لاش کھیوڑہ اور نالی گاؤں کے درمیانی جنگلات سے برآمد ہوئی۔
وہ گزشتہ کئی روز سے لاپتہ تھے اور ان کی گمشدگی نے اہلِ خانہ اور علاقہ مکینوں کو شدید تشویش میں مبتلا کر رکھا تھا۔ محمد بنیامین ولد غلام محمد، جن کا تعلق کوٹ شمالی سے بتایا جا رہا ہے۔
وہ چند روز قبل دھریالہ جالپ سے نالی گاؤں کی طرف روانہ ہوئے تھے، مگر وہاں پہنچنے سے پہلے ہی اچانک لاپتہ ہو گئے۔ اہلِ علاقہ اور خاندان والوں نے ان کی تلاش کے لیے دن رات کوششیں جاری رکھیں، تاہم بدقسمتی سے آج ان کی لاش ایک سنسان اور درختوں سے گھری ہوئی جگہ سے ملی۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ مقامی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور ابتدائی شواہد اکٹھے کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ موت کی وجوہات کا پتہ چلایا جا سکے۔
