یتیم بچوں کی کفالت کے اقدامات قابلِ تحسین، فلاحی منصوبوں میں مکمل تعاون کریں گے، میر رضا اوزگن

جہلم: بین الاقوامی سماجی تنظیم الصفاء ریلیف کی جانب سے یتیم بچوں کی تعلیم، تربیت اور معاشی کفالت کے لیے ایک اہم فلاحی منصوبے کا آغاز کر دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کے تحت سروے کے بعد مجموعی طور پر 180 مستحق بچوں کا انتخاب کیا گیا ہے، جنہیں ہر تین ماہ بعد 36 ہزار روپے کے وظائف فراہم کیے جائیں گے تاکہ ان کی تعلیمی اور بنیادی ضروریات پوری کی جا سکیں۔

چیئرمین الصفاء ریلیف شیخ ظہیر محمود اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ادریس خلیل کی نگرانی میں اس منصوبے کا دائرہ کار جہلم، تونسہ شریف اور اسلام آباد تک پھیلایا گیا ہے، جس کا باقاعدہ آغاز جہلم سے کیا گیا۔

اس سلسلے میں ایک مقامی مارکی میں آرفن سپانسر شپ پروگرام کے تحت پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب کے دوران 103 یتیم بچوں میں مالی معاونت کے چیک تقسیم کیے گئے، جبکہ ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی میمونہ انجم اور کنٹری ہیڈ پاکستان شمس الدین نے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔

سی ای او ادریس خلیل نے کہا کہ تنظیم کا مقصد بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی پر توجہ دینا ہے تاکہ وہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے الصفاء ریلیف کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یتیم بچوں کی کفالت کے لیے یہ اقدامات قابلِ تحسین ہیں، اور ضلعی انتظامیہ ایسے فلاحی منصوبوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد مستفید ہو سکیں۔

Exit mobile version