جہلم: ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی خصوصی ہدایت پر پولیس افسران و اہلکاروں کے رویوں میں مزید بہتری، شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، احترام اور مثبت طرزِ عمل کے فروغ کے لیے ڈی پی او آفس جہلم میں خصوصی ویڈیو لنک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
ورکشاپ کے دوران پولیس افسران و اہلکاروں کو شہریوں کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آنے، ان کے مسائل تحمل اور خوش اخلاقی سے سننے اور قانون کے مطابق بروقت رہنمائی و معاونت فراہم کرنے کے حوالے سے آگاہی دی گئی۔
اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ پولیس اور شہریوں کے درمیان اعتماد کا مضبوط رشتہ مثبت رویوں، مؤثر رابطے اور باہمی احترام سے قائم ہوتا ہے، اس لیے پولیس اہلکار ایسا طرزِ عمل اختیار کریں جس سے عوام کا پولیس پر اعتماد مزید مضبوط ہو۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ عوام کی عزت و احترام اور خوش اخلاقی سے پیش آنا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے، پولیس کا مثبت رویہ ہی عوام کے اعتماد کی بنیاد ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس افسران و اہلکار اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران قانون کی پاسداری کے ساتھ ساتھ اعلیٰ اخلاقی اقدار کو بھی مقدم رکھیں اور ہر شہری کے ساتھ بلاامتیاز عزت و احترام سے پیش آئیں۔
ورکشاپ میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر بھی خصوصی زور دیا گیا۔ پولیس افسران و اہلکاروں کو واضح ہدایات جاری کی گئیں کہ شہریوں سے کسی بھی قسم کی ناجائز رقم یا رشوت طلب کرنے یا وصول کرنے کی شکایت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او شفیق احمد چوہدری نے مزید کہا کہ پولیس کا مقصد شہریوں کو تحفظ، انصاف اور بروقت معاونت فراہم کرنا ہے، لہٰذا تمام افسران و اہلکار عوامی خدمت کے دوران اپنے رویوں کو مثالی بنائیں اور قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے شہریوں کے مسائل کے حل میں بھرپور معاونت کریں۔
