دینہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 2 خواتین سمیت 4 افراد کو قتل کر دیا

دینہ کے علاقہ بھرٹہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے 2 خواتین سمیت 4 افراد کو قتل کر دیا، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے نواحی گاؤں بھرٹہ نزد کالووال میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں دو خواتین سمیت چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق مقتولین کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، جن میں 33 سالہ عدیلہ کنول زوجہ ابرار حسین، 60 سالہ سکینہ ارشد زوجہ ارشد محمود، 40 سالہ ابرار حسین ولد عنایت حسین اور 35 سالہ مبشر ارشد ولد ارشد محمود شامل ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کی آواز سنتے ہی علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ کچھ افراد نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی۔

ریسکیو اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ایک مقتول کی لاش گلی سے، دوسری لاش گھر کے دروازے پر جبکہ دو خواتین کی لاشیں گھر کے اندر سے برآمد ہوئیں۔ تمام لاشوں کو ابتدائی طور پر رورل ہیلتھ سنٹر دینہ منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد انہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کیا جائے گا۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ مقتولین کی رنجش چل رہی تھی جس کے نتیجے میں یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ تاہم قتل کے محرکات جاننے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں سرچ آپریشن کیا جا رہا ہے اور جلد ہی ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button