خشک اور سرد موسم بچوں اور بوڑھوں کیلئے وبال جان ، نوجوان بھی بڑی تعداد میں موسمی بیماریوں کا شکار

جہلم: خشک اور سرد موسم بچوں، بوڑھوں کیلئے وبال جان، نوجوان بھی بڑی تعداد میں موسمی بیماریوں کا شکار ہونے لگے۔
جہلم شہر اور گرد نواح میں خشک سردی پڑنا شروع ہوگئی خشک و سرد موسم بچوں اور بوڑھوں کیلئے وبال جان بن گیا جبکہ نوجوان بھی بڑی تعداد میں موسمی بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ نیز علاج معالجہ کے با وجود افاقہ نہ ہونے پر عوام الناس نے باران رحمت کیلئے دعائیں مانگنا شروع کر دی ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش نہ ہونے اور خشک سردی کے باعث تمام عمر کے افراد میں گلے کی خرابی کھانسی نزلہ بخار اور وائرل انفیکشن کے امراض میں اضافہ ہو رہا ہے۔ خشک سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں کا مناسب استعمال اشد ضروری ہے تاہم موٹر سائیکل چلاتے ہوئے سر اور گردن کو ضرور ڈھانپنا چاہیے۔
ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ ٹھنڈی تلی ہوئی یا کٹھی اشیاء کھانے سے گلا خراب ہو سکتا ہے جو بعد میں کھانسی نزلہ اور بخار کا باعث بھی بنتا ہے۔



