اسسٹنٹ سی او میونسپل کمیٹی کھیوڑہ ملک سلیمان کھوکھر 41 سال سرکاری سروس کرنے کے بعد ریٹائر ہو گئے

پنڈدادنخان: میونسپل کمیٹی کھیوڑہ کے اسسٹنٹ سی او ملک محمد سلیمان کھوکھر کی 41 سالہ مثالی سرکاری سروس کے اختتام پر ان کے اعزاز میں ایک پروقار ریٹائرمنٹ تقریب کا انعقاد سالٹ رینج میرج ہال کھیوڑہ میں کیا گیا۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعتِ رسول مقبول ﷺ سے ہوا جبکہ ڈاکٹر عبدالرؤف نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔
ملک سلیمان کھوکھر نے 11 جون 1984 کو بطور جونیئر کلرک میونسپل کمیٹی کھیوڑہ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور وقت کے ساتھ ساتھ اپنی دیانتداری، محنت اور خلوص کے بل بوتے پر سینئر کلرک، آفس اسسٹنٹ اور آخر کار اسسٹنٹ سی او کے عہدے تک ترقی حاصل کی۔ انہوں نے کھیوڑہ اور پنڈ دادنخان میں مختلف ذمہ داریاں نہایت خلوص و فرض شناسی سے نبھائیں۔
تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادنخان میڈم نادیہ پروین، ڈی ایس پی ملک محمد اکرم، ایس ایچ او رانا محمد لطیف، معروف سرجن ڈاکٹر محمد شفیق کھوکھر، ڈاکٹر اختر نجمی، سینئر کلرک ملک محمد امین، صحافی برادری، سول سوسائٹی اور دیگر معززین نے بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر مہمانانِ گرامی کی جانب سے ملک سلیمان کھوکھر کو یادگاری شیلڈز اور تحائف پیش کیے گئے اور ان کی گراں قدر خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اپنے خطاب میں ملک سلیمان کھوکھر نے تمام سینئر افسران، ساتھیوں، دوست احباب، سیاسی و سماجی شخصیات اور اہل علاقہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے ایسے باوفا، محنتی اور مخلص ساتھیوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ میری یہ خدمات عوام کی خدمت کے لیے تھیں، اور آج کا دن میرے لیے یادگار ہے کہ آپ سب نے میری حوصلہ افزائی کی۔
ریٹائرمنٹ کی یہ تقریب جذبات، محبت، عزت اور خلوص کی حسین مثال تھی، جسے شرکاء نے دیر تک یاد رکھنے والا لمحہ قرار دیا۔



