جہلم سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں سٹرابری کی کاشت میں غیر معمولی اضافہ، ماہرین کا خوش آئند قرار

جہلم، مری، راولپنڈی، گجرات، اسلام آباد، وادی سون سیکسر، جھنگ، سرگودھا، لاہور، قصور، شیخوپورہ اور سیالکوٹ سمیت پنجاب کے متعدد علاقوں میں سٹرابری کی کاشت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

بعض دیگر اضلاع میں بھی اس پھل کی کاشت کے شاندار نتائج سامنے آ رہے ہیں، جسے زرعی ماہرین ملکی زرعی ترقی کے لیے خوش آئند قرار دے رہے ہیں۔

جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین کے مطابق سٹرابری ایک خوبصورت، دلکش اور ذائقہ دار پھل ہے جو نہ صرف اپنی غذائی خصوصیات کی وجہ سے مقبول ہے بلکہ طبّی فوائد کے اعتبار سے بھی نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ اس میں وافر مقدار میں وٹامن سی، اینٹی آکسیڈنٹس اور فائبر موجود ہوتا ہے جو انسانی صحت کے لیے مفید ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بدلتے ہوئے موسمی رجحانات اور جدید زرعی تکنیکوں کے استعمال سے پنجاب کے کئی علاقوں میں سٹرابری کی کاشت ممکن ہو گئی ہے۔ خاص طور پر جہلم، مری اور وادی سون سیکسر جیسے علاقوں کی آب و ہوا سٹرابری کی بہتر پیداوار کے لیے موزوں ثابت ہو رہی ہے۔

زراعت سے وابستہ حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر حکومت اس رجحان کو مزید فروغ دے اور سٹرابری کی کاشت کے لیے سبسڈی، تربیتی ورکشاپس اور مارکیٹ رسائی فراہم کرے تو یہ نہ صرف کسانوں کے لیے منافع بخش ثابت ہو سکتی ہے بلکہ ملک میں زرعی معیشت کو بھی مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

زرعی ماہرین نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سٹرابری کی جدید اقسام، درست وقت پر کاشت اور بہترین نگہداشت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اس منافع بخش فصل کو اپنی آمدنی کا ذریعہ بنائیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button