گرمی اور حبس کے دن ختم؛ شدید بارشوں کی پیشگوئی

جہلم: شدید گرمی اور حبس کے دن ختم ہونے کے قریب ہیں، محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی نوید سنا دی ہے، پنجاب اور اسلام آباد میں 26 ستمبر سے یکم اکتوبر کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے۔

گرمی کے بعد ایک مرتبہ پھر قدرت پاکستانیوں پر مہربان ہوگئی، محکمہ موسمیات نے 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 25 ستمبر سے مرطوب ہوائیں خلیج بنگال سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، ایک مغربی لہر 26 ستمبر کو ملک کے بالائی حصوں میں داخل ہوگی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، منڈی بہاؤالدین میں بارش کا امکان ہے۔

گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، اور وزیر آباد میں بھی بادل برسیں گے،27 ستمبر سے یکم اکتوبر کے دوران ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

پاکپتن، قصور اور بھکر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور شہر کا موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ رات کے اوقات میں مری، گلیات اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button