دینہ: تھانہ منگلا کینٹ پولیس نے شاہراہِ عام پر خطرناک ون ویلنگ کرنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں تھانہ منگلا کینٹ پولیس کو اطلاع موصول ہوئی کہ چند نوجوان سڑک پر غفلت اور لاپرواہی سے موٹر سائیکل چلا رہے ہیں اور ون ویلنگ کر کے شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ منگلا کینٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس نے ملزمان کے زیر استعمال موٹر سائیکلیں بھی قبضے میں لے لیں جبکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ ون ویلنگ اور غفلت سے ڈرائیونگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
