قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، بلال اظہر کیانی

جہلم: ضلع جہلم میں محرم الحرام کے سلسلے میں عزاداروں کو سہولیات کی فراہمی اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے وفاقی وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے مختلف امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میثم عباس، اسسٹنٹ کمشنر شمس الرحمن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی، ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی نے امام بارگاہوں میں جا کر لائسنس داران اور منتظمین سے محرم الحرام کے دوران ضلعی انتظامیہ کے اقدامات، سکیورٹی پلان اور سہولیات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے امام بارگاہ بیت العباس، جو جلوس کا اختتامی پوائنٹ ہے، کا بھی دورہ کیا اور وہاں کے ذمہ داران سے گفتگو کر کے ان کی تجاویز سے آگاہی حاصل کی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں عزاداروں کی سہولت اور سکیورٹی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک اور الرٹ ہیں تاکہ عزاداران اپنے مذہبی عقائد کے مطابق پرسکون ماحول میں عشرہ محرم گزار سکیں۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے، پولیس، انتظامیہ اور افواج مل کر دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ دشمن کی کوششیں ناکام ہوں گی، انشاءاللہ پاکستان ہمیشہ محفوظ رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلاؑ کی قربانی تاریخ انسانیت کا وہ روشن باب ہے، جس نے ہمیں یہ پیغام دیا کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے میں جان و مال کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی قربانی ہر صاحب ایمان کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
دورے کے دوران وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی نے سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں قائم کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا، جہاں ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو اور انچارج سیف سٹی نے انہیں بریفنگ دی۔ وزیر مملکت کو جلوسوں کی نگرانی، CCTV کیمروں کی تنصیب، اور فوری رسپانس کے حوالے سے اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔
بعدازاں انہوں نے ڈی سی آفس میں قائم ضلعی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور وہاں تعینات افسران سے ملاقات کی۔ انہیں کنٹرول روم کے کردار، اس کی افادیت اور سکیورٹی انتظامات میں اس کے تعاون کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع جہلم میں عزاداروں کی سہولت اور سکیورٹی کے حوالے سے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں، جن پر تمام متعلقہ ادارے تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اس امر پر متفق ہیں کہ محرم الحرام کے مقدس ایام کو پرامن اور احترام کے ساتھ منانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔



