پنڈدادنخان میں سکول ملازمہ سے مبینہ زیادتی، ملزم 24 گھنٹوں میں گرفتار

پنڈدادنخان میں سکول ملازمہ کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے والے ملزم کو پولیس نے 24 گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں سکول کی ایک ملازمہ سے مبینہ زیادتی کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر متاثرہ خاتون کے شوہر کی مدعیت میں تھانہ پنڈدادنخان میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون سات ماہ کی حاملہ ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون کے شوہر نے موقف اختیار کیا ہے کہ اس کے اپنی بیوی کے ساتھ ازدواجی تعلقات نہیں تھے، تاہم خاتون کے حاملہ ہونے پر مبینہ زیادتی کے واقعے کا انکشاف ہوا۔ مقدمے میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزم ارسلان نے مبینہ طور پر واقعے کے بارے میں کسی کو بتانے کی صورت میں متاثرہ خاتون کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔

پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے لیے متاثرہ خاتون اور نامزد ملزم کے ڈی این اے نمونے لاہور کی لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں۔ ڈی این اے رپورٹ موصول ہونے کے بعد شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ایس ایچ او تھانہ پنڈدادنخان ملک نثار نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ واقعے میں نامزد ملزم ارسلان کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش جاری ہے اور ڈی این اے رپورٹ سامنے آنے کے بعد کیس میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔

Exit mobile version