ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کوڑا کرکٹ ٹیکس کی منظوری، یکم جولائی سے باقاعدہ نفاذ

جہلم: پنجاب حکومت نے "ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت کوڑا کرکٹ ٹیکس کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے، جو یکم جولائی 2025 سے لاگو کیا جا رہا ہے۔ محکمہ بلدیات کی جانب سے اس منصوبے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق گھریلو سطح پر صفائی کی فیس ماہانہ بنیادوں پر وصول کی جائے گی۔

تین اور پانچ مرلہ کے گھروں سے ماہانہ 200 روپے، دس مرلہ کے گھروں سے 400 روپے، ایک کنال کے گھروں سے 1,000 روپے جبکہ ایک کنال سے بڑے گھروں سے 5,000 روپے ماہانہ صفائی ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ اس منصوبے کو ابتدائی طور پر آزمائشی بنیادوں پر شروع کیا گیا تھا، جو اب مکمل تیاری اور تخمینی اخراجات کے ساتھ باقاعدہ شکل اختیار کر چکا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے مالی سال 2025-26 کے بجٹ میں ستھرا پنجاب پروگرام کے لیے 146 ارب روپے کا ریکارڈ بجٹ مختص کیا ہے۔ اس بجٹ کا بنیادی مقصد شہروں، قصبوں اور دیہی علاقوں میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانا، ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانا اور عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے۔

ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں اس منصوبے پر یکم جولائی سے باقاعدہ عملدرآمد کے لیے تیار ہیں اور ٹیکس وصولی کے انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔ منصوبے کے تحت صفائی کا نظام جزوی طور پر آؤٹ سورس بھی کیا جائے گا، جسے پنجاب حکومت کے لیے ایک بڑا امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے ماہرین اور شہری حلقوں نے کہا ہے کہ شفافیت اور مؤثر نگرانی کے بغیر اس منصوبے کی کامیابی ممکن نہیں۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ جہاں ایک طرف صفائی کے نظام میں بہتری کی اشد ضرورت ہے، وہیں خدشہ ہے کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں نہ صرف کچرا بلکہ بجٹ کو بھی "صاف” کر سکتی ہیں، اس لیے حکومت پنجاب کو اس منصوبے کی سخت نگرانی اور مالی شفافیت کو اپنی اولین ترجیح بنانا ہوگا۔

شہریوں میں اس ٹیکس کے نفاذ پر ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ بعض حلقے اس اقدام کو ماحول کی بہتری کے لیے مثبت قدم قرار دے رہے ہیں، جبکہ دیگر افراد اس اضافی مالی بوجھ پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔ تاہم حکومت کا مؤقف ہے کہ یہ اقدام صاف ستھرا اور صحت مند پنجاب کے خواب کو عملی شکل دینے کی طرف ایک مضبوط قدم ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button