ضلع جہلم میں پنجاب لائیو سٹاک کارڈ سکیم کا آغاز کر دیا گیا

جہلم: پنجاب بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مویشی پال بھائیوں کے لیے لائیو سٹاک کارڈ کا آغاز کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری لائیوسٹاک گورنمنٹ آف پنجاب ثاقب علی عطیل اور ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد اشرف کی ہدایات کی روشنی، ڈائریکٹر لائیو سٹاک راولپنڈی ڈویژن ڈاکٹر نوید سحر زیدی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک جہلم ڈاکٹر غلام مرتضی ارشد کی رہنمائی میں ضلع جہلم کی تمام تحصیلوں میں لائیو سٹاک کارڈ کے حوالے سے آگاہی مہم کا اغاز کر دیا گیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت ضلع جہلم کے تمام ویٹرنری ہسپتالوں اور ویٹنری ڈسپنسریز میں آگاہی بینرز آویزاں کر دیے گئے ہیں اور مویشی پال بھائیوں کی رہنمائی اور معاونت کے لیے فرنٹ ڈیسک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
مذکورہ پراجیکٹ کے تحت مویشی پال بھائی اپنے جانوروں کے ونڈے، کھل، منرل مکسچر اور ادویات کے لیے گورنمنٹ آف پنجاب کی طرف سے فراہم کردہ لائیو سٹاک کارڈ کے تحت آسان قرضہ جات حاصل کر سکتے ہیں۔ یہ قرض بینک آف پنجاب کی طرف سے فراہم کیے جائیں گے اور ان پر زیرو مارک اپ لاگو ہوگا۔
اس ضمن میں محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ تحصیل دینہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر مسعود حسین نے کھل، ونڈا، منرل مکسچر اور ادویات کے متعلقہ ڈیلر حضرات سے ملاقات کی اور اس پراجیکٹ کے تحت ان کی رجسٹریشن کی۔
ڈاکٹر مسعود نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایسے تمام مویشی پال حضرات جو گوشت کے لئے کٹڑے اور بچھڑے پال رہے ہیں اور ان کے پاس کم از کم پانچ یا اس سے زیادہ جانور موجود ہیں تو وہ حکومت پنجاب کی طرف سے بینک آف پنجاب کے ذریعے 1 لاکھ 35 ہزار سے 2 لاکھ 70 ہزار روپے تک کے آسان قرضہ جات حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ قرض بغیر شرح سود کے پانچ ماہ کے بعد قابل واپسی ہوں گے۔ اس حوالے سے مویشی پال بھائیوں کی آگاہی کے لیے موبائل ویٹرنری ڈسپنسریز، سکول فوکس پروگرام اور فارمر ڈیز کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ مویشی پال بھائیوں کو زیادہ سے زیادہ آگاہی دی جا سکے۔



