جہلم پولیس ہمیشہ کی طرح یوم علیؑ کو پر امن بنانے کے لئےپر عزم ہے، ڈی پی او ناصر محمود باجوہ

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفس جہلم میں ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کی زیر صدارت یوم علیؑ پر سکیورٹی اور امن و امان برقرار رکھنے کے حوالہ سے میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔
میٹنگ میں ایس ڈی پی اوز صدر،سٹی، ڈسٹرکٹ سکیورٹی آفیسر، ایس ایچ اوز سٹی سرکل اور تمام مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام و ممبران امن کمیٹی ضلع جہلم نے شرکت کی۔
ڈی پی او جہلم نے شرکائے میٹنگ کو یوم علیؑ کے موقع پر امن و امان کے قیام اور پولیس سیکیورٹی انتظامات کے متعلق بھی بریف کیا۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ یوم علیؑ کے موقع پر تمام علمائے کرام عوام الناس میں مذہبی ہم آہنگی، محبت و اخوت اور برداشت کو فروغ دے کر امن و سلامتی کی فضا برقرار رکھنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں، یوم علیء کے حوالے سے منعقد کی جانے والی مجالس اور جلوسوں کے انعقاد میں وقت کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی نفرت انگیز یا شر انگیز عنصر کو موقع نہ دیا جائے کہ وہ جہلم کے پرامن ماحول کو خراب کرے۔ جہلم پولیس ہمیشہ کی طرح یوم علی کو پر امن بنانے کے لئےپر عزم ہے ، پولیس اپنی ڈیوٹی مستعدی سے سر انجام دینے کے لئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھے گی، شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا جہلم پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔



