دینہ میں تحصیلدار کا گرانفروشوں کے خلاف ایکشن، ہوٹلوں سمیت متعدد دوکانداروں کو بھاری جرمانے

دینہ: تحصیلدار دینہ عرفان خالد عثمانی نے مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے سبزی، فروٹ اور کم وزن والی روٹی فروخت کرنے پر ہوٹلوں سمیت متعدد دوکانداروں کو ہزاروں روپے کے جرمانے کئے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں عوامی شکایات، ڈپٹی کمشنر جہلم اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ سعدیہ حسین ڈوگر کی ہدایت پر تحصیلدار دینہ عرفان خالد عثمانی نے مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے جی ٹی روڈ پر ہوٹلوں پر فروخت ہونے والی روٹی کو چیک کیا گیا تو کم وزن والی روٹی فروخت ہو رہی تھی جس پر متعدد ہوٹلوں کو ہزاروں روپے کے جرمانے کیے گئے۔

اسی طرح سبزی منڈی جی ٹی روڈ دینہ پر واقع متعدد سبزی فروٹ دوکانداروں کو چیک کیا گیا تو فروٹ اور سبزی ریٹ لسٹ سے زیادہ قیمتوں پر فروخت جاری تھی جس پر تحصیلدار دینہ عرفان خالد عثمانی نے کاروائی کرتے ہوئے متعدد دوکانداروں کو ہزاروں روپے کے جرمانے کیے۔

انہوں نے آئندہ کے لیے خبردار کیا اور کہا کہ ریٹ لسٹ سے زائد قیمتوں پر سبزی ، فروٹ اور کم وزن روٹی فروخت کی گئی تو سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ، اس میں کوئی نرمی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ، دوکاندار حضرات عوام پر رحم کریں اور مقررہ ریٹ پر اشیاء فروخت کریں ۔

تحصیلدار دینہ عرفان خالد عثمانی نے کہا کہ ریٹ سے زائد نرخوں پر فروٹ ، سبزی ، گوشت اور ہوٹلوں پر کم وزن روٹی فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میںلائی جائے گی ، دوکاندار حضرات عوام کا خیال رکھیں اور مقررہ ریٹ پر ہی اشیاء فروخت کریں۔

Exit mobile version