دینہ میں 20 ویں بیل اکھاڑہ ڈھینگری شائقین کی کثیر تعداد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

دینہ کے نواحی علاقے بھرٹہ میں کھیل و ثقافت کے تحت منعقد ہونے والا بیل اکھاڑہ ڈھینگری 20 ویں سالانہ ایڈیشن میں شائقین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
اکھاڑہ کی قیادت الحاج پیر سید مرتضی حسین شاہ بخاری، گدی نشین دربار عالیہ بھرٹہ شریف نے کی، جو مرحوم الحاج پیر سید امیر علی شاہ بخاری کی یاد میں منعقد کیا گیا۔
یہ بیل اکھاڑہ 20 سال سے پرامن اور عوام دوست ماحول میں کامیابی کے ساتھ منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر پنجاب اور آزاد کشمیر سے جوگوں نے حصہ لیا جبکہ شائقین پاکستان کے علاوہ بیرون ممالک، بالخصوص برطانیہ سے بھی تقریباً 20 شائقین شریک ہوئے۔
اکھاڑہ میں پہلا انعام ہنڈا 125 بمعہ خوبصورت ٹرافی، دوسرا انعام پرائڈر 100 ہنڈا بمعہ ٹرافی، اور تیسرا انعام سی ڈی 70 بمعہ ٹرافی کے ساتھ دیے گئے۔ مزید برآں، خوش نصیب شرکاء کو عمرہ کے مکمل پیکج کا انعام بھی دیا گیا۔
اس سال پہلا نمبر آزاد کشمیر کی جوگ "بلبل کشمیر” نے اپنے نام کیا۔ اختتام پر انعامات کی تقسیم اور قرعہ اندازی کے ذریعے عمرہ کا ٹکٹ بھی خوش نصیب کو دیا گیا۔
اہل علاقہ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ سید گھرانے نے اپنے آباواجداد کی ثقافت کو آج تک زندہ رکھا ہوا ہے۔ پروگرام کے انتظامات الحاج پیر سید مرتضی حسین شاہ بخاری کی نگرانی میں بہترین انداز میں کیے گئے۔



