جہلم: میجر اکرم شہید نشان حیدر کی یادگار کے مرکزی گیٹ اور اقبال لائبریری روڈ پر لنڈا بازار سج گیا

جہلم: میجر اکرم شہید نشان حیدر کی یادگار کے مرکزی گیٹ اور اقبال لائبریری روڈ پر لنڈا بازار سج گیا، میجر اکرم شہید نشان حیدر کی یادگار کے مرکزی گیٹ کی خوبصورتی ماند پڑنے لگی، شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، ڈی ایس پی ٹریفک، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی خاموش تماشائی جبکہ شہری سراپا احتجاج ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے عین وسط میں واقع میجر اکرم شہید نشان حیدر کی یادگار کے مرکزی گیٹ کے سامنے اور اقبال لائبریری روڈ پر لنڈا فروخت کرنے والے دکانداروں نے میونسپل کمیٹی کے شعبہ انسدادِ تجاوزات اور ٹریفک پولیس کی سرپرستی میں دکانیں سجا لیں۔
مطلوبہ جگہیں شہریوں کی آمدورفت کے لئے اہم سمجھی جاتی ہیں جہاں سے شہر کی تمام گاڑیاں گزرتی ہیں لنڈا کے کارروبار سے وابستہ افراد نے میجر ملک محمد اکرم شہید نشان حیدر کی یادگار کے باہر پرانے جوتے اور کپڑوں کی فروخت کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جبکہ میجر اکرم شہید نشان حیدر کی یادگار پر آنے والے عقیدت مندوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
اسی طرح اقبال لائبریری روڈ پر لنڈا فروخت کرنے والے دکانداروں نے متعلقہ محکموں کی سرپرستی میں کئی کئی فٹ دکانیں سڑکوں پر سجا رکھی ہیں جس کیوجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈی پی او جہلم، ڈپٹی کمشنر جہلم، ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب جہلم سے نوٹس لینے اور تجاوزات ختم کروانے کا مطالبہ کیا ہے ۔



