پروبیشن پر رہائی پانے والے افراد کی اصلاح کے لیے اصلاحی سیمینار کا انعقاد

جہلم: محکمہ داخلہ پنجاب، پروبیشن اینڈ پیرول سروس جہلم کے زیر اہتمام پروبیشن پر عارضی رہائی پانے والے افراد کی اصلاح اور مثبت طرزِ زندگی کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم اصلاحی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

سیمینار کا بنیادی مقصد جرائم کی روک تھام اور مجرمانہ رویوں میں بہتری کے لیے شعور اجاگر کرنا تھا۔ سیمینار کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس موقع پر ضلعی پروبیشن آفیسر جہلم منیب ظفر ہاشمی نے محترمہ سمیہ رشید (سائیکالوجسٹ، محکمہ بہبود آبادی) اور مومنہ مہرو گوندل (سوشل ایکٹوسٹ) کو بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا۔

اپنے خطاب میں سمیہ رشید نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ جرم ایک ایسا فعل ہے جو قانون کے خلاف ہوتا ہے اور اکثر افراد اسے معمولی سمجھ کر اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنا لیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بعض افراد بچپن میں ذہنی و نفسیاتی مسائل کا شکار ہونے کی وجہ سے مجرمانہ سرگرمیوں کی طرف مائل ہو جاتے ہیں، جن کی بروقت ذہنی رہنمائی اور اصلاح نہایت ضروری ہے۔

مومنہ مہرو گوندل نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنے معمولاتِ زندگی میں مثبت رویے، جیسے کہ صبر و تحمل، غصے پر قابو پانا، اور دوسروں کے لیے دل میں جگہ پیدا کرنے جیسے اوصاف اپنائیں تاکہ وہ ایک پرامن اور خوشگوار زندگی گزار سکیں۔

سیمینار کے اختتام پر منیب ظفر ہاشمی نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجرمانہ رویے کسی ایک وجہ کا نتیجہ نہیں ہوتے بلکہ یہ مختلف معاشرتی، نفسیاتی اور انفرادی عوامل کا مجموعہ ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے میں تعلیم، ذہنی صحت، اخلاقی تربیت اور سماجی انصاف کے فروغ کے ذریعے ہی جرائم کے سدباب کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے پرامن، محفوظ اور بااخلاق معاشرے کی تشکیل کو سب کی مشترکہ ذمہ داری قرار دیا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button