مزید بارشوں کی پیشگوئی، محکمہ موسمیات نے خبردار کر دیا

جہلم: محکمہ موسمیات نے جہلم سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے ایک نئے اور طاقتور سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے آنے والی مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کریں گی، جبکہ یکم اگست سے مغربی ہواؤں کا ایک مضبوط سلسلہ بھی پاکستان کے بیشتر علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔

پیشگوئی کے مطابق کشمیر میں 5 اگست تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار سے انتہائی موسلا دھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی طرح اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 29 جولائی سے 4 اگست تک تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں 31 جولائی سے 3 اگست کے دوران بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم، پشاور، نوشہرہ، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، ملتان اور فیصل آباد سمیت مختلف شہروں میں 30 جولائی سے 4 اگست کے دوران شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔

مزید برآں، شدید بارش، تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور و خستہ حال مکانات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور اشتہاری بورڈز کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو سروسز اور دیگر ذمہ دار محکموں کو الرٹ رہنے، نکاسیٔ آب کے انتظامات مؤثر بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو بھی غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور کمزور عمارتوں کے قریب جانے سے احتیاط برتنے کی تلقین کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button