محرم الحرام میں امن و تحفظ یقینی بنایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی صباء سحر اور دیگر افسران کے ہمراہ مرکزی امام بارگاہ امامیہ اور بیٹھک شیخ مراد بخش کا تفصیلی دورہ کیا۔

دورے کا مقصد محرم الحرام کے دوران منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کے سلسلے میں انتظامی امور اور سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔

ڈی سی میثم عباس نے موقع پر صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی، پانی کی فراہمی اور دیگر شہری سہولیات کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ محرم الحرام کے دوران عزاداران کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اس موقع پر امام بارگاہ کے منتظمین سے ملاقات بھی کی گئی، جہاں مجالس و جلوسوں کے دوران درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی سی جہلم نے کہا کہ انتظامیہ محرم الحرام کے دوران پرامن ماحول، بین المسالک ہم آہنگی اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

سیکیورٹی انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے لیے ڈی ایس پی سٹی بھی ڈی سی جہلم کے ہمراہ موجود تھے۔ سیکیورٹی پلان پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو ہدایت دی گئی کہ محرم کے دوران مجالس و جلوسوں کی مکمل سیکیورٹی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button