کلرکس ایسوسی ایشن ضلع کچہری کے انتخابات مکمل، شرجیل عنایت کیانی صدر منتخب

جہلم: کلرکس ایسوسی ایشن ضلع کچہری جہلم کے سالانہ انتخابات بخیروخوبی مکمل ہو گئے۔ انتخابی عمل میں شرجیل عنایت کیانی گروپ نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے پورے پینل کے ساتھ میدان مار لیا۔

اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جہلم ملک رضوان اور جنرل سیکرٹری عبدالرحمٰن برگٹ نے باقاعدہ طور پر انتخابی نتائج کا اعلان کیا اور کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی۔

انتخابات میں صدر کے لیے شرجیل عنایت کیانی نے 161 ووٹ لے کر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مدمقابل ملک نعیم اعوان صرف 18 ووٹ حاصل کر سکے۔ نائب صدر کے لیے طیب الطاف نے 145 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل ملک ریاست علی 31 ووٹ ہی لے سکے۔ جنرل سیکرٹری کے عہدے پر عثمان بٹ 125 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے جبکہ بلال رضا کو 52 ووٹ ملے۔

نتائج کے اعلان کے بعد شرجیل کیانی گروپ کے حامیوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور خوشی کا بھرپور اظہار کیا گیا۔

نومنتخب صدر شرجیل عنایت کیانی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "الیکشن ایک جمہوری عمل ہے، ہم سب آپس میں بھائی ہیں۔ کامیابی کے بعد میری اولین ترجیح کلرک برادری کے مسائل کا حل اور فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات ہوں گے۔ ہم سب کو مل کر اپنے شعبے کو مضبوط بنانا ہے۔”

انتخابی عمل کے دوران اور بعد میں شہر کی ممتاز سماجی، فلاحی، صحافتی و شہری تنظیموں کے نمائندگان، عمائدینِ شہر اور تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور شرجیل کیانی گروپ کو کامیابی پر دل کھول کر مبارکباد پیش کی۔

Exit mobile version