سوہاوہ: ماسٹر فقراض احمد 41 سالہ شاندار تدریسی خدمات کے بعد ریٹائر، پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد

سوہاوہ: گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نگیال کے نامور معلم ماسٹر فقراض احمد 41 سالہ طویل، شاندار اور پروقار تدریسی خدمات کی تکمیل کے بعد محکمہ تعلیم سے ریٹائر ہو گئے۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر سکول ہذا میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف سکولوں کے سربراہان، اساتذہ کرام اور علاقہ کی ممتاز شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ماسٹر فقراض احمد کی طویل تعلیمی و تربیتی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کے دوران طلبہ کی تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ ایک ذمہ دار استاد کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں اور اپنے ساتھیوں و طلبہ میں ایک مثبت مقام بنایا۔
اس موقع پر اساتذہ کرام نے ماسٹر فقراض احمد کو پھولوں کے ہار پہنائے اور یادگاری تحائف پیش کیے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء کے لیے پرتکلف کھانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔ بعد ازاں اساتذہ کرام نے ایک پرجوش ریلی کی صورت میں ماسٹر فقراض احمد کو ان کی رہائش گاہ تک عزت و احترام کے ساتھ پہنچایا۔
اس موقع پر ریٹائر ہونے والے معلم ماسٹر فقراض احمد نے تمام اساتذہ، ساتھیوں اور اہلِ علاقہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "سکول اور بچوں سے جدا ہونے کو دل تو نہیں چاہ رہا، لیکن یہ ایک محکمانہ ضابطہ ہے۔ تاہم، میں آئندہ بھی تعلیمی و معاشرتی فلاح کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہوں۔”
تقریب کے شرکاء نے ماسٹر فقراض احمد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی آئندہ زندگی میں صحت، خوشی اور کامیابی کے لیے دعا بھی کی۔



