ڈومیلی موڑ سے ملحقہ دیہات کی سڑک خستہ حال، عوام کا شدید احتجاج

سوہاوہ/ دینہ: ڈومیلی موڑ سے تقریباً تین کلومیٹر کے فاصلے پر واقع متعدد دیہات سے گزرنے والی اہم رابطہ سڑک شدید خستہ حالی کا شکار ہو گئی ہے جس کے باعث علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس سڑک سے روزانہ بڑی تعداد میں لوگوں کا گزر ہوتا ہے مگر طویل عرصہ گزرنے کے باوجود اس کی تعمیر یا مرمت نہ ہونے پر عوام میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

متاثرہ دیہات میں سوہن، رام دیال، کٹاری، روپڑ اور جودہ شامل ہیں جہاں کے رہائشیوں اور ووٹرز، خصوصاً مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے ہمیں جان بوجھ کر محروم رکھا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “جنہوں نے ووٹ دیے ان کا کیا قصور؟ ہمیں کیوں محروم رکھا گیا ہے؟”

اہل علاقہ کے مطابق مقامی رہنماؤں کی جانب سے ہر دو ماہ بعد سڑک کی تعمیر کے لیے مزید دو ماہ کا وقت دینے کی یقین دہانیاں کرائی جاتی رہی ہیں مگر اس طرح دو سال گزر چکے ہیں جبکہ سڑک کی حالت مزید خراب ہو چکی ہے جو اب عوام کی قوت برداشت سے باہر ہو چکی ہے۔

علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس اہم رابطہ سڑک کی فوری تعمیر و مرمت کو یقینی بنایا جائے تاکہ روزمرہ آمدورفت میں پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ہو سکے اور عوام کو ریلیف مل سکے۔

Exit mobile version