پنجاب میں روٹ پرمٹ لینے کے لیے نئے طریقے کا اجراء

جہلم: پنجاب حکومت کا ٹرانسپورٹرز کے لیے بڑا ریلیف، روٹ پرمٹ کا نظام مکمل طور پر آن لائن کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے جہلم سمیت صوبہ بھر کے ٹرانسپورٹرز کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے روایتی روٹ پرمٹ سسٹم کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا ہے۔
اب بسیں، ویگنیں اور دیگر مسافر گاڑیاں چلانے والے مالکان کو موٹر وہیکل ایگزمینر کے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ روٹ پرمٹ کے لیے درخواست دینا، فیس ادا کرنا اور پرمٹ حاصل کرنا اب صرف چند کلکس کی دوری پر ہوگا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق یہ تمام عمل پنجاب پورٹل یا موبائل ایپ کے ذریعے مکمل کیا جا سکتا ہے، جس سے گاڑی مالکان کو وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ رشوت، سفارش اور غیر ضروری دفاتر کے چکروں سے بھی نجات ملے گی۔ اس سہولت کا مقصد ٹرانسپورٹ کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور عام شہریوں کی زندگی آسان بنانا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی اس ڈیجیٹل سسٹم کو مزید وسعت دیتے ہوئے اس میں ٹریفک چالان جمع کرانے اور گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کی سہولت بھی شامل کی جائے گی۔ ان اصلاحات کے نتیجے میں ٹرانسپورٹرز کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور عمل مزید شفاف و مؤثر ہو گا۔
صوبائی حکومت کے اس اقدام کو شہریوں اور گاڑی مالکان کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اگر یہ نظام دیانتداری اور مستقل مزاجی کے ساتھ چلایا گیا تو عوامی سہولتوں میں غیر معمولی بہتری آئے گی اور ٹرانسپورٹ کا شعبہ حقیقی معنوں میں ایک نئے دور میں داخل ہو جائے گا۔



