دینہ: شہادت حضرت علیؑ کے موقع پر مرکزی امام بارگاہ ہڈالہ سیداں دینہ میں مجلس عزاء کا انعقاد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی۔
21 رمضان المبارک کی مناسبت سے سالانہ مجلس عزاء برائے ایصال ثواب و بلندی درجات حاجی سید مشتاق حسین شاہ و دیگر مرحومین زیر انتظام (ایڈہاک کمیٹی) انجمن امامیہ سادات مرکزی امام بارگاہ ہڈالہ سیداں میں منعقد ہوئی۔ مجلس کی نظامت کے فرائض سید ادیب مرتضیٰ رضوی نے انجام دیے۔
مجلس عزاء سے معروف عالم دین مولانا سید حسن عسکری (چکوال)، ذاکر سید عدنان نقوی (لیہ)، مولانا قاری علی رضا علوی اور مولانا محمد باقر علی حیدری خطیب جامع مسجد صاحب الزمان ہڈالہ سیداں نے خطاب کرتے ہوئے فضائل و مصائب امیرالمومنین حضرت علیؑ بیان کیے۔
اختتام مجلس پر شبیہ تابوت مولا علیؑ برآمد ہوا جس کے بعد ماتمی جلوس امام بارگاہ سے برآمد ہو کر اپنے روایتی راستوں سے گزرتا ہوا جامع مسجد صاحب الزمان ہڈالہ سیداں میں اختتام پذیر ہوا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ دینہ سرمد ملک نے پولیس نفری کے ہمراہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر رکھے تھے تاکہ مجلس اور جلوس کے دوران امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔
بعد ازاں شب قدر کی فضیلت کے حوالے سے اعمالِ شب قدر اور اجتماعی شب بیداری مولانا محمد باقر علی حیدری کی اقتداء میں ادا کی گئی۔
