رمضان المبارک کی آمد سے قبل مہنگائی میں ہوشربا اضافہ، عوام شدید مشکلات کا شکار


جہلم: رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی مہنگائی کا طوفان شدت اختیار کر گیا، جس کے باعث عوام شدید مشکلات میں مبتلا ہو گئے ہیں۔
گوشت، گھی، آٹا، چینی، دالیں اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہے ہیں۔
بازاروں میں دکاندار من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں، اور سرکاری نرخ نامے صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہو چکے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی اس لہر نے رمضان سے پہلے ہی روزمرہ زندگی کو مشکل بنا دیا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے کوئی مؤثر حکمت عملی نظر نہیں آ رہی۔
عوامی و سماجی حلقوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کیا جائے، اور ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔



