مشیر صحت نے پولیس لائنز میں نئے لیڈیز ہوسٹل اور ایس ڈی پی او صدر سرکل آفس کا افتتاح کر دیا

جہلم میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے صحت میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا ازگن کے ہمراہ پولیس لائنز جہلم میں نئے تعمیر ہونے والے لیڈیز ہوسٹل کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

افتتاحی تقریب کے بعد معزز مہمانوں نے لیڈیز ہوسٹل کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی گئی رہائشی و سیکیورٹی سہولیات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے خواتین پولیس افسران اور اہلکاران کے لیے محفوظ، آرام دہ اور معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب پولیس ویلفیئر اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے اس موقع پر بتایا کہ نیا لیڈیز ہوسٹل جدید سہولیات سے آراستہ ہے، جس کا مقصد خواتین پولیس اہلکاران کو بہتر رہائشی ماحول فراہم کرنا اور ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی میں مزید بہتری لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیڈیز ہوسٹل کے قیام سے خواتین اہلکاران کو ڈیوٹی سرانجام دینے میں سہولت میسر آئے گی اور پولیس فورس کا مورال بلند ہوگا۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے صحت میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے ڈی پی او جہلم اور ڈپٹی کمشنر جہلم کے ہمراہ نئے تعمیر ہونے والے ایس ڈی پی او صدر سرکل آفس جہلم کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دفتر کے مختلف شعبہ جات، افسران کے دفاتر اور عوامی سہولت ڈیسک کا معائنہ کیا اور فراہم کی گئی سہولیات کو سراہا۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے معزز مہمانوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایس ڈی پی او صدر سرکل آفس جدید سہولیات سے آراستہ ہے، جس کا مقصد پولیس افسران کی کارکردگی میں بہتری لانا اور عوامی مسائل کے بروقت، شفاف حل کو یقینی بنانا ہے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا ازگن نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے باہمی تعاون سے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ عوامی خدمت، میرٹ اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔

آخر میں میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام دوست پولیسنگ کے فروغ، پولیس ویلفیئر اور اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ٹھوس اور دیرپا اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ عوام کو بہتر، محفوظ اور مؤثر خدمات فراہم کی جا سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button