دینہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم زخمی حالت میں گرفتار

دینہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق تھانہ دینہ پولیس نے ریحانہ جٹاں کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے قبضے سے مبینہ طور پر ایک کلو 620 گرام چرس اور 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق تھانہ دینہ پولیس ناکہ بندی کے سلسلے میں جہلم کی تحصیل دینہ میں ریحانہ جٹاں روہتاس روڈ پر موجود تھی کہ دو موٹر سائیکل سوار افراد کو مشکوک جان کر رکنے کا اشارہ کیا گیا۔ پولیس کے مطابق رکنے کے بجائے ملزمان نے مبینہ طور پر پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزم جاوید اقبال عرف کالیا مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔ ملزم کا ایک ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے مبینہ طور پر ایک کلو 620 گرام چرس اور 30 بور پستول بمعہ گولیاں برآمد کر کے قبضہ پولیس میں لے لیا گیا، جبکہ زخمی ملزم کو فوری طبی امداد کے لیے رورل ہیلتھ سنٹر دینہ منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے والے نامعلوم ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ قانون کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور سنگین مقدمات میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔



